لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب کا باڈی گارڈ (محافظ) اپنا پستول طیارے میں ہی بھول گیا جس پر اسے معطل کردیا گیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا سے برطانیہ واپسی کی پرواز میں لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر طیارے سے اترتے وقت ڈومینیک راب کی حفاظت پر مامور ان کا باڈی گارڈ پاسپورٹس کو سنبھالتے ہوئے اپنا پستول ہولسٹر سمیت سیٹ پر ہی بھول گیا اور جہاز سے نیچے اتر آیا۔رپورٹ کے مطابق یونائٹیڈ ائیر لائنز میں صفائی پر مامور شخص کو جہاز کی صفائی کے دوران ایک نشست سے ہولسٹر سمیت لوڈڈ پستول ملا جس پر اس نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کیا۔پیشہ وارانہ ذمہ داریوں میں غفلت برتنے پر ڈومینیک راب کے باڈی گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے۔اسلحے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جہاز پر پہنچ گئی اور اسلحے کی نشاندہی ہونے پر اسے ڈومینیک راب کی سیکیورٹی پر مامور ایک افسر کے حوالے کردیا گیا۔
برطانوی وزیر خارجہ کا باڈی گارڈ پستول طیارے میں بھول گیا‘ ڈومینیک نے معطل کر دیا
Sep 20, 2020