لہتراڑ روڈ پر نیا تعمیر کردہ برما پْل آج سے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) لہتراڑ روڈ پر نیا تعمیر کردہ برما پْل (آج) اتوار سے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ برما پْل ٹریفک کے لیے کھلنے سے لہتراڑ روڈ سے روزانہ کی بنیاد پر گذرنے والی ٹریفک کو سہولت میسر ہو گی۔ ہفتہ کو سی ڈی اے ترجمان کے مطابق سی ڈی اے نے برما پْل کی تعمیر کے منصوبے پر کام چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر شروع کیا تھا جس کا مقصد علاقے کے مکینوں کو سہولت فراہم کرنا تھا۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر متعلقہ شعبے نے پْل کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کیں۔ منصوبے کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار کویقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے نے منصوبے کی سائٹ پر رئیل ٹائم مانیٹرنگ میکنزم بھی نصب کیا تھا۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال، شدید بارشوں کے باوجود سی ڈی اے نے اس عوامی فلاحی منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ لہتراڑ روڈ پربرما پْل کی تعمیر سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی اس جامع پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت شہر کے انفرا سٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ عرصہ دراز سے نظر انداز کیے گئے رہائشی اور دیگر منصوبوں پر کام کا اجراء کر کے ان منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس جامع پالیسی کے تحت سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے شہر میں کئی ایسے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں جن کی ماضی قریب میں مثال نہیں ملتی۔ اس سلسلے میں فیصل ایونیو پر G-7/G-8انڈر پاس کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے جبکہ پارک انکلیو I- میں رابطہ پْل کی تعمیر بھی تقریبا ً مکمل کر لی گئی ہے۔ اسی طرح سی ڈی اے کئی دیرینہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز رکررہا ہے۔ ان منصوبوں میں پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس اور کورنگ پْل کی تعمیر شامل ہے جبکہ راول ڈیم چوک پر انٹر چینج کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔ ان منصوبو ں کے ساتھ ساتھ عرصہ دراز سے نظر انداز کیے گئے رہائشی سیکٹر زبشمول سیکٹر آئی الیون، آئی 12-، آئی 15-، ای 12-اور پارک انکلیو سمیت دیگر سیکٹروں میں بھی ترقیاتی کام بیک وقت کیے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن