آل پارٹیز کا دعوت نامہ نہیں ملا‘ واضح ایجنڈا کے بغیر نہ جاتے: سراج الحق 

Sep 20, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کل ہونے والی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہیں کرے گی۔ امیر جماعت سراج الحق نے کہا ہے کہ اے پی سی کا ایجنڈا واضح ہونا چاہیے، کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لیے استعمال نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں ملا، اگر مل بھی جاتا تو واضح ایجنڈے کے بغیر شرکت نہ کرتے، ملک کیلئے حاضر ہیں، کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لیے نہیں۔ سراج الحق نے لاہور میں مجاہد ملت سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا ایجنڈا واضح نہیں، اپوزیشن بتائے، ان کی کیا مجبوری ہے جو وہ حکومت کا ساتھ دیتی ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس سانحہ موٹروے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے جوبزدار حکومت کی ناکامی ہے۔ جنسی درندوں کو رات کے اندھیرے کے بجائے سرعام سزا دینی چاہئے۔ جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ قوم متحد ہو جائے، مسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عراق، شام اور لیبیا کو تباہ کرنے والوں کا اگلا نشانہ پاکستان ہو سکتا ہے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ سوا کروڑ کشمیریوں کو مودی سرکار نے گزشتہ 14ماہ سے یرغمال بنا رکھا ہے۔ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ نریندرمودی کی ہندوتوا سوچ پورے جنوبی ایشیا کو جنگ کے شعلوں میں دھکیلنے کا باعث بن رہی ہے، نریندر مودی ہندوستان اور کشمیر سے تمام مذاہب کے مقدس مقامات کو گرا کر مندر تعمیر کرنے کی سازش کررہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر 50ہزار مساجد کی جگہ مندروں کی تعمیر ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران یاد رکھیں کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والے یہاں زیادہ دیر براجمان نہیں رہ سکتے۔ حکومت پاکستان نریندرمودی کے اقدامات کے خلاف جارحانہ سفارتی مہم منظم کرتی تو آج مودی کٹہرے میں کھڑا ہوتا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے معروف روحانی شخصیت پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے مرحوم کی غلبہ دین کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پیر حمید الدین سیالوی نے اپنی زندگی ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اعلیٰ علیین میں جگہ نصیب فرمائے اور ان کے خاندان اور مریدین کو صبر جمیل دے۔ علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے صدر میاں مقصود احمد اور سیکرٹری جنرل پیر برہان الدین عثمانی نے بھی پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں