اسلام آباد (نوائے وقت نیوز)چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ جلد اورنج ٹرین کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ منصوبہ کے حوالہ سے مشکل معاملات حل کر لئے گئے ہیں۔ ہفتہ کے روز عاصم سلیم باجوہ کا ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اور نج لائن ٹرین کے کرائے کا تعین کر لیا گیا، اورنج ٹرین کا ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ۔ آپریشنز و مینٹی نینس کا کام تفویض کر دیا گیا ، اور نج ٹرین کے لئے سٹاف کی بھرتیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ترقی کررہا ہے اور پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے ٹوئٹر پر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کے حوالہ سے مختلف تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں۔