میرانشاہ میں آپریشن ، دہشتگردوں کی فائرنگ ، پاک فوج کے 2جوان شہید

Sep 20, 2020

میرانشاہ + آواران (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقے اسپالگا میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقے اسپالگا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جا رہا تھا کہ اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ  کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ شہید ہونے والوں میں حوالدار تاجبر علی اور سپاہی راشد شامل ہیں۔ 38 سالہ حوالدار تاجبر علی شہید کا تعلق سوات اور 22 سالہ سپاہی راشد شہید کا تعلق پارا چنار سے ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع آواران میں خفیہ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن کیا۔ اس ددوران گولہ بارود سمیت اسلحے کا بڑا ذخیرہ اور مواصلاتی آلات برآمد کئے گئے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے اور انتظامی کیمپس تباہ کر دیئے گئے ہیں اور آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مزیدخبریں