میرانشاہ: خفیہ اطلاع پر آپریشن، دہشتگردں سے فائرنگ کا تبادلہ، پاک فوج کے 2جوان شہید

راولپنڈی:   خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقے سپالگا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے ہیں، شہید ہونے والے اہلکاروں میں 38 سالہ حوالدار تاجبر علی اور 22 سالہ سپاہی راشد شامل ہیں۔ حوالدار تاجبر علی کا تعلق سوات سے جبکہ راشد کا تعلق پارا چنار سے ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا

اس سے قبل شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دہشتگردوں کے سرغنہ احسان اللہ سنڑے کو تین ساتھیوں سمیت ہلاک کر دیا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ احسان اللہ سنڑے خفیہ معلومات پر آپریشن کے دوران مارا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق احسان اللہ سنڑے کے خلاف آپریشن گھڑیوم کے علاقے شکتو میں کیا گیا۔ احسان اللہ سنڑے دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ احسان اللہ سنڑے شکتو کے علاقے میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔ ان دہشتگردی کارروائیوں میں لیفٹنینٹ ناصر کیپٹن صبیح اور جوان شہید ہوئے۔ یہ دہشتگرد خفیہ معلومات پر کئے گئے آپریشن کے دوران ہلاک ہوا۔

ای پیپر دی نیشن