کوہاٹ(این این آئی)کوہاٹ شہر کے نواحی علاقے ڈھل بہزادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق شہر کے نواحی علاقے نہر چونگی سے ملحقہ ڈھل بہزادی میں پولیو ٹیم مصروف عمل تھی کہ اس دوران بعض نامعلوم مسلح افراد نے پولیوٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار ساجد پر فائرنگ کردی جس کی زد میں وہ شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کا گھیراؤ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کردی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں پولیو مہم بدستور جاری رہے گی۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جس کی بہت جلد تفصیلات شئیر کی جائیں گی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھاکہ واقعہ کی محتلف زایوں سے تفتیش کا اغاز کر دیا گیا ہے اور پولیو ٹیموں کی سیکورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ ڈی پی او نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملوث عناصر بہت جلد گرفتار ہونگے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے اور شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔