اسلام آ باد (نمائندہ نوائے وقت ) چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے امریکی ائیرپورٹ پر تلاشی کی افواہوں کو فیک نیوز قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک ایئرپورٹ پر تلاشی کی افواہیں جھوٹی ہیں ، ایئرپورٹ پر جو وقت لگا وہ روٹین ہے، ہر ملک کے رولز اینڈ ریگولیشن ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہاکہ پاکستان کے دشمن عناصر جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، کشمیر کاز کو اجاگر کرنے آیا ہوں، میرے مشن سے دشمن عناصر خائف ہیں،پاکستان دشمن عناصر فیک نیوز پروموٹ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی سے متعلق سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انہیں اسکریننگ کیلئے نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر مختصر وقت کے لیے روکا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ شہریار آفریدی قطر ایئرلائنز کی پرواز کیو آر-0701 کے ذریعے 15 ستمبر کو دوپہر 3 بج کر 15 منٹ پر نیو یارک پہنچے تھے۔ ایئرپورٹ ذرائع نے دعوی کیا کہ شہریار آفریدی پہلی اسکریننگ میں امیگریشن حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے تھے جس پر انہیں دوسری اسکریننگ کے لیے روک دیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر چلنے والے افواہوں میں کہا گیا تھا کہ ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جاتی رہی تاہم نیویارک میں موجود پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ان کی دستاویزات کی تصدیق کے بعد انہیں امریکا میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔