اسلام آباد (وقائع نگار) چیف جسٹس نے الاظہر یونیورسٹی جکارتہ (انڈونیشیا) میں پاکستان کارنر اور اقبال روم کا افتتاح کر دیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجاز الاحسن جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کیلئے چار روزہ رورے پر انڈونیشیا میں ہیں جہاں دونوں معزز جج صاحبان نے او آئی سی ممالک کی آئینی عدالتوں کی دوسری مرتبہ منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی جہاں پر الاظہر یونیورسٹی جکارتہ میں چیف جسٹس پاکستان نے پاکستان کارنر اور اقبال روم کا افتتاح بھی کیا۔ افتتاحی تقریب میں الاظہر یونیورسٹی آف جکارتہ کے ریکٹر سیف الدین، اساتذہ اور کرونا کے باعث محدود تعداد میں طلبا نے شرکت کی۔ تقریب کے افتتاح کے موقع پر الاظہر یونیورسٹی کے ریکٹر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اقدامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سیف الدین نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے یوتھ ایک دوسرے کے بارے میں جانیں گے اور ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا پاکستان کارنر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کارنر سے یونیورسٹی کے طلباء کو تاریخ سے آگاہی کا موقع ملے گا۔ بہترین مہمان نوازی پر انڈونیشیا کی حکومت کے مشکور ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ میں پاکستانی سفارتخانے کا کردار قابل ستائش ہے۔ تقریب میں پاکستانی سفیر محمد حسن نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کے بارے میں بتایا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو بڑھا کر تعلقات کی مزید بہتری کیلئے کوشش کر رہا ہے۔