لاہور (سپورٹس رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ ویسٹ انڈین کرکٹر کرس گیل پاکستان آنے کیلئے طیارے میں بیٹھ گئے۔ سوشل میڈیا صارفین نے انکی تصاویر شیئر کی ہیں۔ جنوبی افریقی رائیلی روسو نے بھی پاکستان آنے کا اعلان کر دیا۔ سابق کپتان محمد حفیظ سمیت کرکٹ دیوانے سپر سٹارز کے جذبے کا خیر مقدم کرنے لگے۔ جنوبی افریقی بلے باز رائیلی روسو نے بھی پاکستان آنے کی تیاری پکڑ لی۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے غلط فیصلہ کیا۔ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں جلد پاکستان جائوں گا۔ انگلینڈ کرکٹ کے سابق کپتان ٹیم مائیکل وان نے پاکستان انگلینڈ سیریز منسوخ نہ کرنے کی تجویز دے دی۔ بیان میں کہا کہ انگلینڈ کے پاکستان میں میچ متحدہ عرب امارات منتقل کرنا سمجھدارانہ فیصلہ ہو گا۔ سابق کپتان انگلش کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ اگر سفر کرنا غیر محفوظ ہے تو میچ منسوخ کرنے کی بجائے شفٹ کرنے چاہیئں۔ مائیکل وان نے کہا کہ پْرامید ہوں کہ مینز اور ویمنز ٹیموں کے میچز منسوخ کرنے کے بجائے کھیلے جا سکتے ہیں۔ ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے۔ ہم نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسے ممالک میں بھی حملے ہوتے دیکھے ہیں۔ پچھلے 6 سال سے پاکستان آرہا ہوں، ہمیشہ اچھا تجربہ رہا۔ جب 2017ء میں آیا تھا ایسا لگا جیسے کسی دوسری دنیا میں کھیل رہے ہیں۔ پہلے لوگ پوچھتے تھے کہ کیا پاکستان جانا محفوظ ہے؟ مگر اب لوگ پوچھتے ہیں کہ پاکستان میں کھانا کہاں جا کر کھائیں؟۔ آسٹریلیا میں بھی واقعات ہوتے دیکھے ہیں۔ دنیا میں ہر جگہ واقعات ہوتے ہیں لیکن وہاں کوئی شور نہیں مچاتا۔ پاکستان میں حالات بدل چکے ہیں۔ یو اے ای میں میچز لے جانا پاکستان کی محنت خراب کرنا ہے۔ اگر فیلڈ ماہرین کہہ رہے ہیں پاکستان محفوظ ہے تو اعتماد کرنا چاہیے۔ پچھلے 2 سے 3 سال میں پاکستان پر لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔