لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر تباہی لانیوالوں کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے۔سلیکٹڈ ٹولہ پاکستان کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو رہا ہے۔ عوام کی سانسیں بند ہو رہی ہیں اور وزیراعظم غیر ملکی سیر سپاٹے کر رہا ہے۔میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں حسن مرتضی نے کہا کہ یہ عوام سے سانس لینے کا حق بھی چھین رہے ہیں۔بجلی کے بلوں پر 35فیصد ٹیکس لگانے کی بجائے جہازی کابینہ کم کریں،انسانی استعمال کی ہر چیز کو عوام کی پہنچ سے دور کرنا حکمرانوں کی پہلی ترجیح ہے۔غریب عوام کو پہلے ہی مہنگائی نے یرغمال بنا رکھا ہے،عوام حکمرانوں کو جاگتے سوتے بد دعائیں دیتے ہیں۔پیپلز پارٹی آرڈیننس یافتہ حکومت کیخلاف عوام کی آواز بنے گی۔اب پیپلز پارٹی آپ کو سڑکوں،چوکوں اور گلی محلے میں نظر آئیگی۔ہر عوامی ایشو پر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔