بیجنگ(آئی این پی ) پاکستان اور چین کے شہریوں نے جوش و خروش کے ساتھ معاشرے کے مختلف طبقات کی نمائندگی کرتے ہوئے تیانجن میونسپل گورنمنٹ کے تعاون سے پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام تیانجن میں منعقدہ فرینڈ شپ میراتھن میں حصہ لیا۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر معین الحق اور تیانجن میونسپل گورنمنٹ کے دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل لوان جیان ژانگ نے تقریب کا افتتاح کیا۔ یہ تقریب چین اور پاکستان کے درمیا ن سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ سالہ کے حوالے سے تقریبات کا حصہ تھی۔ یہ دو دوست ممالک اور عوام کے درمیان گرمجوش اور خوشگوار تعلقات کا مظہر تھا۔چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق اس موقع پر سفیر معین الحق نے کہا کہ ہمپاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب، پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی اور دارالحکومت اسلام آباد تیانجن کے درمیان جڑواں صوبے اور جڑواں شہروں کے تعلقات قائم کر نے کیلئے تین اہم معاہدوں پر دستخط کرنے جا رہے ہیں ۔حق نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سدا بہار اسٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری کو سات دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے عزم اور عقیدت سے برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق دنیا میں منفرد ہے اور پہاڑوں سے اونچا، سمندروں سے گہرا، شہد سے میٹھا اور فولاد سے مضبوط ہے اور یہ دنیا میں بین ریاستی تعلقات کی مثال ہے۔ پاکستان ایمبیسی کالج (پی ای سی بی) کے بچوں نے رنگ برنگے ملبوسات میں قومی نغمے پیش کیے، پتنگ پینٹنگ میں حصہ لیا اور مہندی لگائی۔ سفیر حق نے تمام پاکستانی اور چینی دوستوں کی کثیر تعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کیا ۔چینی لڑکیوں کے ایک گروپ نے روایتی چینی گانوں اور پیکنگ اوپیرا پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کیا۔ تقریب کے اختتام پر سفیر معین الحق اور ڈائریکٹر جنرل نے میراتھن کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ پاکستانی شہری نور حسین نے میراتھن جیت لی۔
بیجنگ،پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام فرینڈشپ میراتھن کا انعقاد
Sep 20, 2021