والدین بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں:ڈپٹی کمشنرحافظ آباد

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد رانا سلیم احمد خاں نے کہا ہے کہ آج 20ستمبرسے ضلع بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گی۔والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھر پور اقدامات کیے گئے۔علما،اساتذہ،تاجر رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے سر کردہ افراد اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقعہ پر کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورش صبائ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رحمت اللہ ثاقب،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ریحان اظہر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔سی ای او ہیلتھ داکٹر رحمت اللہ ثاقب نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 2لاکھ 9ہزار ایک سو 56بچوں کو پولیو سے بچائو اور وٹامن اے کے اضافی قطرے پلائے جائینگے ۔جس کے لیے محکمہ صحت کی 728ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ محکمہ صحت کی ٹیمیوں سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں ۔

ای پیپر دی نیشن