نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ پاکستان ختم کردیا، چیرمین پی سی بی کا فیصلے پر مایوسی کا اظہار

نیوزی لینڈ کی جانب سے یکطرفہ طور پر دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈنے بھی دورہ پاکستان ختم کردیا۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ نے ویمنز ٹیم کا  بھی دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا ہے۔انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس فیصلے سے پی سی بی کو شدید مایوسی ہوگی جس نے اپنے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے انتھک محنت کی جب کہ پی سی بی کا گزشتہ دو ماہ کے دوران انگلش کرکٹ کے لیے تعاون دوستی کی واضح مثال ہے۔انگلش بورڈ کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے پاکستان کرکٹ پر پڑنے والے اثرات کے لیے معذرت خواہ ہیں تاہم اپنے مستقبل کے وعدے کے 2022 کے ٹور پر توجہ مرکوز ہے۔ای سی بی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 13 اور 14 اکتوبرکو کھیلی جانی تھی لیکن اس صورتحال میں خطے کا دورہ کرنا پلیئرز کیلیے آئیڈیل نہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان  2 ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز اگلے ماہ ہونی تھی تاہم نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان اچانک منسوخ کیے جانے کے بعد انگلینڈ کے دورے پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گزشتہ دنوں پہلے میچ سے قبل سکیورٹی کو جواز بنا کر دورہ پاکستان ختم کردیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سیریز بھی ملتوی کردی گئی۔دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کے دورے کی منسوخی پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنی ٹوئٹ میں رمیز راجہ کا کہنا تھاکہ انگلینڈ کے دورہ پاکستان سے دستبردار ہونے سے مایوسی ہوئی ہے اور انگلش ٹیم کی جانب سے کمٹمنٹ پوری نہ کرنے پر افسوس ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمارے لیے یہ ویک اپ کال ہے کہ ہم نے دنیا کی بہترین ٹیم بننا ہے اور ہم نے کوئی جواز دیے بغیر سب کے خلاف بہترین ٹیم بن کر کھیلنا ہے۔رمیز راجہ کا کہنا تھاکہ ہم ان شا اللہ زندہ رہیں گے.

ای پیپر دی نیشن