سیالکوٹ: عملیات کے شبہ میں  جواں سال بہن بھائی کو قتل کر دیا


سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) تھانہ مراد پور کے علاقہ میں ملزمان نے عملیات کے شبہ میں دو سگے بہن بھائی کو تیز دھار آلے سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مراد پور کے علاقہ ہنٹر پورہ میں جاوید مسیح اپنے بڑے بھائی منور کے احاطہ میں مہمان آئے اعجاز اور رمیض کے ہمراہ بیٹھا ہوا تھا کہ اس کو آفتاب عرف چاند کی بلند آواز میں گالیوں کی آواز سنائی دی جس پر جاوید مسیح کی 18سالہ بیٹی انمول اور 14سالہ بیٹا سلمان گھر سے باہر آگئے اور آفتاب عرف چاند نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے چھری اور قینچی کے پے در پے وار کئے جس سے انمول اور سلمان شدید زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ رکھتے ہوئے موقع پر ہلاک ہو گئے۔ بعد ازاں ملزمان نعشوں کی بے حرمتی بھی کرتے رہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم آفتاب عرف چاند مقتولین کا چچا زاد بھائی ہے اور اس کو رنج تھا کہ مقتولین کے والدین نے اس کی بہن پر عملیات کروائے جس سے وہ تقریباً 9ماہ قبل انتقال کر گئی تھی۔ پولیس تھانہ مراد پور نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اور آفتاب عرف چاند کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن