اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران ٹولہ باہر لے جایا گیا آدھا پیسہ بھی واپس لے آئے تو پاکستان کو دنیا سے پیسہ نہ مانگنا پڑے۔ وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا صدر پیوٹن کے سامنے شہباز شریف کی کانپیں ٹانگ رہی تھیں۔ شہباز شریف نے یو این سیکرٹری جنرل سے جو باتیں کیں وہ کسی وزیراعظم کو زیب نہیں دیتیں۔ چکوال جلسے میں اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل یو این کو علم ہے اس کابینہ کے 60 فیصد وزیر ضمانت پر ہیں‘ سیکرٹری جنرل کس منہ سے تمہیں پیسہ دے گا اسے علم ہے ان پر کرپشن کے کیسز ہیں‘ سیکرٹری جنرل کو سب پتہ ہے اس لئے وہ آج تمہیں پیسہ نہیں دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی بے حسی دیکھیں ان حالات میں وہ باہر دورے کر رہے ہیں‘ کون سا معرکہ مارنا ہے باہر، جب ملک میں اتنا بڑا سیلاب آیا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو بھی منہ اٹھا کر باہر چلا گیا۔ ان کو اس لئے مسلط کیا گیا کہ یہ ان کا حکم مانے گا۔ عمران خان نے کہا کہ کسی وزیراعظم کو یہ باتیں نہیں کرتے دیکھا جو شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل سے کیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ مہنگائی کم کریں گے آج عوام پر کیا گزر رہی ہے؟ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میں نے قوم کو ان چوروں کے خلاف کال دینی ہے‘ یہ سمجھتے تھے کہ میں چپ کر کے بیٹھ جاؤں گا۔ ان کو پتہ ہونا چاہئے تھا کہ میں اپنے پیروں پر کھڑا ہو کر اس مقام پر پہنچا ہوں۔ عمران خان نے کہا کہ واپڈا نے سیہون تک نہر مکمل کی لیکن سندھ حکومت نے اس نہر پر کام نہیں کیا‘ سندھ میں پیپلز پارٹی کے ڈاکو پیسہ چوری کر کے دبئی لے گئے۔ چکوال والوں کے جنون کوسلام پیش کرتا ہوں، جلسے میں خواتین کی بڑی تعداد موجود، جب چکوال کو کال دوں گا تو نوجوان، بزرگ، خواتین نے حقیقی آزادی کے لیے سب نے نکلنا ہے،گزشتہ رات تیسری ٹیلی تھون کی، تین ٹیلی تھون کے دوران 14 ارب میری قوم نے مجھے دیا، دنیا میں پاکستانیوں سے زیادہ کھلے دل کے لوگ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ، بلوچستان میں متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے،سندھ میں لوگوں کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، کھڑے پانی کی وجہ سے کسان گندم کی فصل بھی نہیں اْگا سکیں گے۔ چودہ سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، دریائے سندھ کے ساتھ رائٹ بینک کینال کو تاحال سندھ حکومت مکمل نہیں کر سکی،سندھ کے غریب کسانوں کا برا حال ہے، عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 100شیروں کی فوج کا سردار گیدڑ ہو وہ ہار جائے گی، بھٹو ایک خود دار لیڈر تھا اس وقت بھٹو کو سازش کر کے پھانسی پر چڑھایا گیا، بھٹو بھی آزادی کی بات کرتا تھا، امپورٹڈ حکومت کو بیرونی سازش اور ہینڈلرز لیکر آئے۔ شہبازشریف کی ساری ترقی اشتہارات کے اندر ہوتی تھی، شہبازشریف نے پنجاب سپیڈ کے ڈرامے کر کے اربوں خرچ کیے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو کہتا ہے پیسہ چوری نہیں کریں گے ٹھیک خرچ کریں گے۔ کبھی کوئی چوروں کوبھی پیسہ دیتا ہے، شہبازشریف اور اس کے بیٹے کو سزا ہونے والی تھی، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے بھیجے گئے، وزیراعظم کے کیس میں سارے گواہان ہارٹ اٹیک سے مر گئے، آج دنیا کیوں پیسے نہیں دے رہی انہیں پتا ہے، پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ چکوال والوں میں نے کال دینی ہے چوروں کو شکست دینے کے لیے نکلنا ہے، میں نوازشریف کی طرح جنرل جیلانی کے گھر سریا لگا کر وزیراعظم نہیں بنا تھا، ہمارے نبیؐ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر تھے، تحریک کے لیے نکلنے لگا ہوں کبھی چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا، جب تک میرے اندرخون ہے کبھی ان کوتسلیم نہیں کروں گا۔ عدم اعتماد کے دوران ڈالر 178 روپے کا تھا، ہماری حکومت میں پٹرول، ڈیزل 150 روپے لٹر تھا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پڑول، ڈیزل کی قیمتیں زیادہ ہے، ہمارے دورمیں بجلی کا فی یونٹ 16، آج یونٹ ٹیکس ملا کر 50 روپے تک چلا گیا، آئی ایم ایف کے مطابق سردیوں میں گیس 250 فیصد بڑھے گی، آج ملک میں آٹا، چاول کی قیمت کدھرچلی گئی ہے، یہ مہنگائی کم کرنے آئے تھے پانچ ماہ میں ریکارڈ ٹوٹ گئے، آج لوگ مہنگائی میں پِسے ہوئے ہیں آج میڈیا کیوں خاموش ہے، سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج مہنگائی، بجلی کی قیمتیں آسمانوں پر چلی گئیں، ہر غدارسے سوال پوچھتا ہوں جنہوں نے امپورٹڈ حکومت ہمارے اوپر مسلط کی، ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے راوی سٹی منصوبے پر کام جاری ہے۔ ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ راوی سٹی پر کام جاری ہے۔ 40ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والا یہ شہر 15 ملین نفوس کی ضروریات پوری کرے گا اور پاکستان کا پہلا سرسبز سمارٹ شہر ہو گا۔ دریا کے کنارے تعمیر ہونے والا یہ عمودی شہر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہت سے مواقع پیدا کرے گا۔ دریائے سندھ کے ساتھ رائٹ بنک کینال تاحال سندھ حکومت مکمل نہیں کر سکی۔ سندھ کے ڈاکوؤں نے رائٹ بنک کینال کا پیسہ چوری کر کے دبئی بھیجا۔ سندھ کے غریب کسانوں کا برا حال ہے ملک میں سیلاب ہے۔ معیشت 17 سال بعد ہمارے دور میں بہتر ہوئی۔ میں نے زندگی میں کبھی ہار نہیں مانی۔ تم نے 16 ارب روپے رمضان شوگر ملز کے ملازمین کے نام پر لئے۔ لندن میں اربوں کے محلات کی مالک مریم نواز ہے۔ مریم نواز کہتی ہے میرا دادا ارب پتی تھا۔ شہباز شریف کہتے ہیں میرے والد کا تعلق ایک غریب کسان گھرانے سے تھا۔
مہنگائی کے ریکارڈ ٹو ٹ گئے، بجلی کے نرخ آسمان پر چلے گئے : عمران
Sep 20, 2022