لاہور چیمبرمیںکاروباری ماحول پر اثرات کے موضوع پر آج کانفرنس ہوگی

 لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل کے سماجی، سیاسی، معاشی نظام اور ان کے کاروباری ماحول پر اثرات کے موضوع پر آج بروز منگل ایک اہم کانفرنس منعقد کررہا ہے جس کا مقصد ماضی کے تجربات کا جائزہ لیکر آئندہ کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا اور مستقبل میں معاشی معاملات کی بہتری کیلئے حکومت کو سپورٹ کرنا ہے۔ کانفرنس آج (20ستمبربروز منگل) صبح 10 بجے سے2 بجے تک مقامی ہوٹل میں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیرنے لاہور چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور سابق صدر سہیل لاشاری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میاں نعمان کبیرنے بتایا کہ وزیرمملکت برائے فنانس اینڈ ریونیو ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سینیٹر رضا ربانی، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری، جسٹس شاہد جمیل خان، چیئرمین نیسلے سید یاور علی، سابق گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر عشرت حسین، چیف ایگزیکٹو آفیسر بنک آف پنجاب ظفر مسعود، سابق وفاقی وزیر زراعت سید فخر امام،سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیوشبر زیدی ، نیٹ سول کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایوب غوری اور کریسنٹ فائونڈیشن کے چیئرپرسن سید سردار علی شاہ کو کانفرنس کے مختلف سٹیشنز سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال اور دیگر چیلنجز اجتماعی کردار ، مثبت سوچ کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے اور ترقی کرنے کیلئے تمام لوازمات رکھتا ہے، ضرورت درست سمت کے تعین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لانا اور معاشی مسائل کے حل کیلئے حکومت کو قابل عمل تجاویز دینا اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ہے۔
 سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ معاشی صورتحال پر لاہور چیمبر کی گہری نظر ہے، معاشی چیلنجز کی موجودگی میں کاروبار کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ لہٰذا موزوں کاروباری ماحول کیلئے ہر ایک کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سہیل لاشاری نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشی استحکام کیلئے حکومت اور نجی شعبہ مل کر کام کریں۔ 

ای پیپر دی نیشن