حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار ) پنجاب بھر کی میونسپل کمیٹیوںکے سینٹری ورکرز اور ملازمین 22ستمبر کو مکمل ہڑتال کرتے ہوئے لاہور میں سول سیکریٹریٹ کے سامنے غیر معینہ مدت تک احتجاجی دھرنا دیں گے۔اور جب تک مطالبات تسلیم نہیںہوں گے وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار یہاں شاہین لوکل گورنمنٹ ورکرز اینڈ سٹاف فیڈریشن پنجاب کے صوبائی چیئرمین اسحا ق کھوکھر نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹیوںکے ملازمین اور ورکرز کے لئے الگ سکولز اور ہسپتال قائم کئے جائیں۔ مزید برآں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے تمام ملازمین اور ورکرز کو ریگولر کیا جائے۔ اور پندرہ فیصد ڈسپیرٹی الائونس کی فوری طور پر ادائیگی کی جائے وگرنہ 22ستمبر سے پنجاب بھر میں ورکرز صفائی ستھرائی کاکام چھوڑ کر لاھور سول سیکریٹریٹ کے سامنے اپنے حقوق کے لئے احتجاجی دھرنا دیں گے ۔