پاکستان کے قومی ورثے کو دنیا میں فروغ دینے کی ضرورت ہے ‘ امیر مقام 

Sep 20, 2022


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم آفس میں قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن سے متعلق امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن فارینہ مظہر اور نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے اعلی حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے مشیر وزیراعظم کو ڈویژن سے متعلق مجموعی امور بشمول اوقاف، ورثہ اور فنکاروں کی بہبود کے بارے میں بریف کیا۔انجینئر امیر مقام نے قومی تاریخ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن کی کاوشوں کو سراہا۔وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پاکستان قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے اور ہمارے ملک کو دنیا کے بہترین تاریخی مقامات اور نوادرات سے نوازا گیا ہے جس سے ملک کے مثبت اور روشن امیج کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے پاکستان کے قومی ورثے کو دنیا میں فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں