چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی ملاقات 

Sep 20, 2022


 اسلام آباد(خبرنگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پارلیمنٹ ہا ؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خادم حرمین شرفین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھر پور مدد اور حمائت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے خادم حرمین شرفین کی جانب سے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر یکجہتی اور بھر پور مدد کرنے پرتشکر کا اظہار بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کی ڈھارس بندھائی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خادم حرمین شرفین کے دلوں میں پاکستان کیلئے بے پناہ محبت اور احترام کا جذبہ موجود ہے اورانہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی بھر پور معاونت کی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور محبت کے لازوال رشتے سے جڑے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پرمشتمل ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں کے دوران سعودی عرب کی بروقت امداد قابل تعریف ہے۔ مسلم امہ کے قائد کی حیثیت سے خادم حرمین شرفین کے کردار کو سراہتے ہیں۔ حکومت پاکستان اور عوام کے دل میں خادم حرمین شریفین اور سعودی قیادت کے لیے بے پناہ عزت و احترام ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری و دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ سی پیک خطے کیلئے مستقبل کا گیم چینجر ثابت ہوگا۔ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں سے مستفیدہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانیوں کی کثیر تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سعودی قیادت کا کردار قابل تحسین ہے ۔

مزیدخبریں