ملک سے جعلی اورغیر رجسٹرڈ ادویات کا خاتمہ اولین ترجیح ،وفاقی وزیر صحت


اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ملک بھر سے جعلی اورغیر رجسٹرڈ ادویات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، جو عناصر منظورشدہ قیمت سے زائد قیمت پر ادویات کی فروخت میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پیر کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائیں گے، جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات سے ملک کو پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس حوالہ سے ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام کیلئے کریک ڈائون جاری ہے، سینئر ڈرگ انسپکٹر کی قیادت میں ڈرگ کنٹرول ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد کا ایف آئی اے کے ہمراہ آئی ایٹ مرکز میں چھاپا مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چھاپہ غیر رجسٹرڈ اور سمگل کی گئی ادویات کی اطلاع پر مارا گیا، اس دوران غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ ادویات کی بھاری مقدار کو قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ ڈیلیوری آفس کو سیل کرنے کے بعد ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے گرفتار افراد پر ڈریپ ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ایک اورکارروائی میں گولڑہ میں بھی غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد ہونے پر ایک فارمیسی کو سیل کر دیا گیا ہے، ڈریپ کی ٹیم نے کراچی میں دو بڑی کارروائیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ کنٹرول ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور سندھ پولیس کے ہمراہ سعود آباد ریڈ کیا جہاں پر ان رجسٹرڈ ادویات کی پروڈکشن جاری تھی، خام مال، پیکنگ میٹریل اور تمام ادویات کو قبضہ میں لے کر سیل کر دیا گیا، پولیس نے ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ کنٹرول ٹیم نے کراچی میں فارما ڈسٹری بیوٹر گلشن اقبال پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران بغیر وارنٹی کے بھاری مقدار میں ان رجسٹرڈ ساییکو ٹراپک نارکوٹکس یعنی نشے کی ادویات کو قبضے میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف بھرپور قانون کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت کے مطابق جو عناصر منظور شدہ قیمت سے زائد فروخت میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کوالٹی اور معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں، صحت کے شعبہ میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے

ای پیپر دی نیشن