وفاقی وزیر احسن اقبال کا خیر پور ناتھن شان میں پاکستان نیوی کے ریلیف کیمپ کا دورہ


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تحصیل خیر پور ناتھن شان میں پاکستان نیوی کے قائم کردہ خان پور ریلیف کیمپ کا جائزہ لیا۔ انہیں صوبہ سندھ میں پاک نیوی کے ریسکیو مشن اور ریلیف کیمپ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کیمپ میں مقیم افراد ، سول سوسائیٹی اور انتظامیہ سے ان کی مشکلات کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی آفت نے ملک پر قیامت ڈھائی ہے لیکن پاکستانی قوم کا جذبہ ناقابل تسخیر ہے اور ہم اتحاد اور یکجہتی سے اس تباہی پہ قابو پانے میں کامیاب ہو جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس آفت کی تباہی کا مقابلہ ترقی یافتہ ملک بھی نہیں کر سکتا تاہم پاکستان کے عوام، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں سول سوسائیٹی اور پاکستان کے دوست ممالک سب ملکر پوری توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثر ہم وطنوں کی مشکلات دیکھ کر پتھر سے پتھر دل انسان بھی موم ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ انسانیت اس آفت سے سسک رہی ہے۔ ہر اس پاکستانی کا جو سیلاب کی تباہ کاری سے محفوظ ہے اس کا فرض ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لئے اپنا حصہ ڈالے۔ بچوں اور ماؤں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ NDMA اس کے لئے ہنگامی مدد بھیج رہا ہے۔ انہوں نے سول انتظامیہ ، مسلح افواج اور سول سوسائیٹی کے افراد کو خراج تحسین پیش کیا جو چوکس ہو کر دن رات متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ 30 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے مگر پاکستان کی معیشت میں اتنی سکت ہے کہ وہ اس نقصان سے نکل سکے۔ پاکستان کو ملنے والی بحالی کی امداد سے روپیہ کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس وقت ملک کو سیاست نہیں امدادی کاروائیوں میں حصہ لینے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن