لونگی سولر ٹیکنالوجی کمپنی ،ای ٹی آر سی کے مابین معاہدہ 

لاہور(کامرس رپورٹر )چینی کمپنی لونگی سولر ٹیکنالوجی نامی چینی کمپنی اور پاکستان کے انرجی ٹریننگ اینڈ ریسرچ سینٹر (ای ٹی آر سی) کے مابین آج باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کی رو سے چینی کمپنی شمسی توانائی سے متعلقہ جدید ترین سسٹم’’ فوٹو وولٹک‘‘ پر 2 ماہ کی سولر ٹریننگ کے انعقاد کیلئے تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرے گی۔ مذکورہ معاہدے پر ای ٹی آر سی کے  چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر فیض بھٹہ اور چینی کمپنی لونگی سولر کے کنٹری منیجر علی ماجد نے دستخط کئے۔علی ماجد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے  بتا یا کہ لونگی سولر کا ہیڈ کوارٹر چین کے شہر ڑیان میں واقع ہے، اور یہ ادارہ چین میں اعلی کارکردگی والے مونو کرسٹل لائن سولر سیلز اور ماڈیولز بنانے میں ایک مستند نام کیطو ر پر جانا جا تا ہے۔انہوں نے کہا کہ لونگی نے 2016 کے آخر تک سولر سیلز اورماڈیولز  بنانے شروع کر دئیے تھے جو بیرون ملک  بھی بے حد مقبول ہوئے اور اب یہ ادارہ امریکہ، جرمنی اور جاپان میں بھی اپنی برانچیں قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان میں شروع کئے جانے والے سپورٹ پروگرام کا مقصد بجلی کی  طلب  میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں پیدا شدہ توانء کیبحران کو سولر انرجی کے زریعے کم کرنا ہے اور آج ہونے والے معاہدے کے تحت پاکستان میں سولر کی ورک فورس اور تکنیکی ماہرین کو  سولر سسٹم کی جدید ترین ٹیکنالجیز سے متعلق مکمل تربیت فراہم کی جائے گی۔ ای ٹی آر سی کے ہیڈ انجینئر فیض بھٹہ جو کہ پاکستان میں عالمی پائے کے سب سے پہلے  مستند کنسلٹنٹ اور ٹرینر ہیں نے اپنے خطاب کے دوران بتا یا کہ وہ پاکستان میں اب تک 3000 سے زائد افراد کو سولر، مائیکرو ہائیڈرو اور انرجی مینجمنٹ پر تربیت دے چکے ہیں۔
 انرجی ٹریننگ اینڈ ریسرچ سنٹر (ای ٹی آر سی) ایک ایس ای سی پی (سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان) رجسٹرڈ غیر منافع بخش تنظیم ہے جو پہلے سے قائم انرجی ٹریننگ سینٹر اور پاکستان رینیو ایبل اکیڈمی کے انضمام سے ابھری ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ یہ سنٹر توانائی سے متعلق نہ صرف ایک مکمل تربیت گاہ ہے بلکہ توانائی کے بارے میں ایک تحقیقی ادار ہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنی کے ساتھ شروع کئے جانے والے 60 روزہ تربیتی کورس کا محور گرین، کلین اور فوسل فری انرجی ہوگا جبکہ اس میں انرجی پالیسی، ریگولیشنز، مارکیٹس اور اسٹینڈرڈز کے بارے میں بھی کورس کے شرکاء کو تفصیلی آگاہی دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن