ترکیہ  قابل اعتماد دوست ، ہر مشکل میں ساتھ دیا :قائم مقام گورنر بلوچستان

Sep 20, 2022


کوئٹہ ( اے پی پی) قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے برادر مسلم ملک ترکیہ کی جانب سے بلوچستان کے حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلابوں سے متاثرین کیلئے فراہم کردہ امدادی سامان کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ ترکیہ کی حکومت اور عوام ہر مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، تاریخ گواہ ہے کہ کشمیر کاز سمیت ترکیہ نے پاکستان کو دنیا کے ہر فورم پر بھرپور تعاون فراہم کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت ترکیہ کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کے موقع پرکیا۔اس موقع پر پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر محمد پاچاجی ، سینیٹر ثناء جمالی، مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ  لانگو، پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نصیر احمد ناصر، این ڈی ایم اے بلوچستان کے کوآرڈینیٹر میجر نوازش علی بھی موجود تھے۔قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ حالت جنگ ہو یا امن ،ترکیہ کا کردار ہماری توقعات سے بڑھ کر رہا ہے، سیلاب ہو یا زلزلہ ترکیہ اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی مدد میں پیش پیش رہا ہے۔ قائمقام گورنر بلوچستان نے ان کی توجہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا فروٹ پاسکٹ اور زراعت تقریباً تباہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے زراعت سے وابستہ افراد کئی مشکلات سے دوچار ہیں۔بعدازاں قائمقام گورنر بلوچستان اور ترکیہ کے سفیر ہنہ اوڑک بھی گئے جہاں پر انہوں نے نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ متاثرین سے خیریت دریافت کی۔

مزیدخبریں