کراچی (ا سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہوگا، بابر اعظم قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ مہمان ٹیم معین علی قیادت میں میدان میں اتریگی۔17 سال کا طویل انتظار ختم ہو گیا، انگلش کرکٹ سٹارز ایک مرتبہ پھر پاکستانی میدانوں میں ان ایکشن ہوں گے، پہلے ٹی 20 میچ کے لیے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں میدان لگے گا، میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گا۔سات ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے دونوں ٹیموں نے بھر پور پریکٹس کی، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشن میں کھلاڑیوں نے خوب پسینہ بہایا۔ابتدائی میچز کے لیے مہمان انگلش ٹیم کی قیادت معین علی کریں گے، جوز بٹلر انجری کے باعث کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کا حصہ نہیں ہوں گے۔سیریز کے حوالے سے جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے، دونوں ہی سائیڈز ایک دوسرے کی صلاحیتیں آزمانے کو بے چین ہیں۔دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ انگلینڈ ٹیم کے لیے بہترین سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، سکیورٹی پلان مناسب انداز سے بنایا گیا ہے۔جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ انگلش سکیورٹی آفیشلز بھی ہماری پلاننگ سے خوش ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میچز کے لیے 5 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، ہوٹل اور سٹیڈیم کی سیکیورٹی پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔اے آئی جی پولیس نے کہا کہ تمام فورسز کے اہلکار منگل کو ہونے والی ریہرسل میں حصہ لیں گے، کراچی کے شہری اسٹیڈیم آئیں اور ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں اب تک 21 مرتبہ چھوٹے فارمیٹ میں آمنے سامنے آئیںجس میں انگلش ٹیم کو 13 فتوحات سے واضح برتری حاصل ہے جبکہ اب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھوٹے فارمیٹ کے بڑے مقابلوں کے لیے شائقین بھی بے تاب ہیں۔