اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایف آئی اے نے الگ الگ کارروائیوں میں ہنڈی حوالہ، ہراسگی اور غیر قانونی منی ایکسچینج چلانے کے واقعات میں ملوث 9ملزمان گرفتار کر لئے، ایف آئی اے کے پی زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل پشاور افضل خان نیازی کی زیر نگرانی ریڈنگ ٹیموں نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں عارف اللہ، سرور شاہ، شوکت علی اورحفیظ اللہ شامل ہیں،گرفتار ملزمان ہنڈی حوالہ کے کاروبار سے منسلک تھے، چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں اور 25 لاکھ سے زائد کے ملکی و غیر ملکی کرنسی نوٹ برآمد کر لے گئے، ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے،دریں اثناءایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ایبٹ آباد نے کامیاب ریڈ کرتے ہوئے ملزم حسین خلیل کو ایبٹ آباد سے گرفتار کر لیا،ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے شکایت کنندہ کی قابل اعتراض تصاویر شئیر کرنے میں ملوث تھا۔ ملزم شکایت کنندہ کو گزشتہ 2 ماہ سے بلیک میل بھی کر رہا تھاابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدرآباد کی زیر نگرانی چھاپہ مار ٹیم نے مختلف کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کاروائیاں خفیہ اطلاع پر صرافہ بازار میرپور خاص میں کی گئی۔ گرفتار ملزمان میں طالب اور رمیض شامل ہیں گرفتار ملزمان جیولر شاپس پرغیر قانونی منی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1218200 روپے اور 2516 سعودی ریال برآمد کر لے گئے علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے مردان سرکل لیاقت علی نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے دو مختلف کارروائیوں میں ملزم یوسف خان اور عبدالبصیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان ابتدائی تفتیش میں پوچھے گئے سوالات کا کوئی معقول جواب نہ دے سکے۔ چھاپوں کے دوران 350000 روپے، 31000 سعودی ریال اور 21500 یو اے ای درہم برآمد کر لئے گئے۔