نواب شاہ ( بیورو رپورٹ) معمولی تکرار پر جمال شاہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اورہیڈ محرر میں جھگڑا مبینہ تشددسے ہیڈ محرر ہارون رند زخمی‘ مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی۔مہران ہائی وے پر دھرنا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق دوڑ کے قریب جمال شاہ کے پولیس اسٹیشن پر مقرر ہو نے والے نئے ایس ایچ او عبدالحق کورائی اور ہیڈ محررہارون رند کے درمیان کسی معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا جس میں مبینہ تشدد سے ہیڈ محرر سخت زخمی ہوگیا۔اطلاع ملنے پر ہارون رند کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیاگیا۔دوسری جانب واقعے کے خلاف رند برادری کے درجنوں مشتعل افراد اسپتال پہنچ گئے اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے مہران ہائی وے پر ٹائر نذر آتش کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کردی اور ایس ایچ او کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کاروائی کا مطالبہ کیا جبکہ ہیڈ محرر کو تشویشناک حالت میں نوابشاہ منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ضلع شہید بینظیر آباد کے دو صحافیوں کی موٹر سائیکلیں سکرنڈ روڈ ائرپورٹ پولیس اسٹیشن کی حدود سے چوری کرلی گئیں جبکہ پولیس 15 روز گذرنے کے باوجود تاحال موٹر سائیکلیں برآمد نہیں کرواسکی ہیں اس سلسلے میں صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ائرپورٹ پولیس کی جانب سے موٹر سائیکلیں بازیاب کروانے کے لئے پولیس سنجیدہ اقدامات نہیں کررہی انہوں نے چوری کی گئی موٹر سائیکلوں کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
ہیڈ محررپر تشدد