مزید 140بجلی چور گرفتار: حساس ادارے ڈالر، گولڈ مافیا کے گھروں پر چھاپے ماریں گے

Sep 20, 2023

لاہور‘ نوشہرہ ورکاں‘ ننکانہ صاحب‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ پشاور (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران+ کامرس رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، تیرہویں روز کے آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 445 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،445بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جبکہ 29افراد گرفتار کیے گئے ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 207ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، کنکشنز میں انڈسٹریل 3، زرعی 4، کمرشل21 اور 427 ڈومیسٹک تھے۔ کنکشنز منقطع کر کے ان کو1,237,475 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں، جن کی کل رقم 54,180,396 (پانچ کڑوراکتالیس لاکھ اسی ہزار تین سو چھیانوے) روپے ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ قصور سرکل کی چونیاں ڈویژن میں پولیس کے ہمراہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ دوران آپریشن کسان اتحاد گروپ کے لیڈر عبدالرزاق بجلی چوری میں ملوث پکڑے گئے۔ ترجمان کے مطابق ملزم عبدالرزاق لیسکو کی ایل ٹی لائن سے ڈائریکٹ تاریں لگا کر تین عدد ٹوکے چلا رہا تھا۔ اس کے ذمہ اکتیس لاکھ اڑسٹھ ہزار سات سو سولہ روپے واجب الادا ہیں۔ لیسکو ٹیم نے موقع پر کنکشن منقطع کر دئیے جبکہ کسان اتحاد کے لیڈر عبدالرزاق کے خلاف مقدمہ رجسٹرڈ کرکے گرفتار کر لیاگیا۔ حساس اداروں نے اب ڈالروں‘ سونے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والی مافیا کے گھروں پر ایف آئی اے کی مدد سے چھاپے مارنے کی تیاری کر لی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاﺅن کا اگلا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ذخیرہ کیے گئے ڈالروں کی برآمدگی کے لیے ایف آئی اے اور حساس ادارے اب گھروں پر چھاپے ماریں گے۔ ذرائع کے مطابق ایکسچینج کمپنیز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے ملک بھر میں گھروں کی نشان دہی کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں کو کریک ڈاﺅن کے بعد اداروں کے پاس مافیاز کے گھروں میں ڈالر ذخیرہ کرنے کی مستند اطلاعات ملی ہیں۔ حساس اداروں نے غیر معمولی تعداد میں ڈالر لینے والوں کی فہرست حاصل کر لی۔ گھروں میں ڈالرز چھپانے والوں کو گرفتاری اور جیل میں قید کی سزائیں ملیں گی۔ فیسکوکی بجلی چوروںکے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ فیسکو کے جنرل منیجر اور چیف انجنیئر بھی میدان عمل میں آ گئے اور خود چیکنگ کی۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز فیصل آباد فرسٹ، سیکنڈ، جھنگ، ٹوبہ، سرگودھا اور میانوالی کی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے مزید 80بجلی چوروں کو پکڑ لیا۔ طورخم سرحدی گزر گاہ پر مسافر سے 30 ہزار سعودی ریال برآمد کر لئے گئے۔ کسٹم حکام کے مطابق افغانستان جانے والے شخص کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ لیسکو کی رحمان پورہ سب ڈویڑن میں ایس ڈی او علیم مصطفی نے اپنے سٹاف کے ہمراہ رحمان پورہ کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔دوران آپریشن تیمور علی اکاو¿نٹ اسسٹنٹ جو کہ واپڈا ہاو¿س میں پرچیز اینڈ ڈسپوزل سیکشن میں ڈیوٹی کرتا ہے بجلی چوری کرتے پکڑا گیا۔مزید کارروائی کرنے پر پتہ چلا کہ تیمور علی میٹر کو ٹمپرڈ کر کے بجلی چوری کر رہا تھا۔موقع پر کنکشن کو منقطع کر کے 3000یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی کل رقم 180,000 ہے اور ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چور کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا چاہے وہ لیسکو/واپڈا ملازم ہی کیوں نہ ہو۔ لیسکو سرکل ننکانہ صاحب کا بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف گرینڈ آپریشن ، 305بجلی چورپکڑے گئے،275 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ، 30بجلی چور گرفتار تفصیلات کے مطابق ایس ای لیسکو چوہدری محمد حسین نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدائت پر بجلی چوروں اور نادہند گان کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے انہوں نے کہا کہ لیسکو کی خصوصی ٹیموںنے چھاپے مار ے تو 305افراد بجلی چور میں ملوث پائے گئے ہیںمختلف تھانوں میں 275 بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں ،جبکہ 30 افراد گرفتار کیے گئے ہیںانہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کو 4لاکھ 69ہزار574 یونٹس ڈالے گئے ہیں اور ڈیکٹیشن بل کی صورت میں 2کروڑ،32 لاکھ 76ہزار775 روپے جرمانہ عائد کیا گیاہے جبکہ بجلی چوروں اور نادہندگان  سے 32لاکھ 68ہزار172روپے وصول کیے ہیں۔ ملک بھر میں بجلی چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولی کیلئے مہم تیز کر دی گئی ہے، 7 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم کے دوران اب تک مختلف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے واجبات کی وصولی 4 ارب 61 کروڑ روپے سے بڑھ گئی ہے۔ وزارت توانائی کے ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران مجموعی طور پر 9564 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جبکہ 1104 بجلی چوروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)میں بجلی چوروں کے خلاف 3473 ایف آ ئی آرز درج کی گئی ہیں، 307 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور کمپنی میں مجموعی وصولیاں ایک ارب روپے سے زائد رہی ہیں۔ گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(گیپگو)میں 563 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 27 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 23 کروڑ 90 لاکھ روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں۔فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)میں 1013 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 115 بجلی چور گرفتار اور 20 کروڑ70 لاکھ روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں جبکہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو)ریجن میں 128 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، 13 بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں اور 8 کروڑ 20 لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔ بجلی چوروں کے خلاف مہم کے دوران ایس ڈی او گیپکو سب ڈویژن نوشہرہ ورکاں نمبر 1 محمد مبشر نے دو بجلی چوروں ناصر محمود اور عبدالر¶ف کے خلاف مقامی پلویس سٹیشن میں الگ الگ مقدمات درج کروا دیئے ہیں۔ سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے دعویٰ کیا ہے کہ بجلی چوروں سے 4 ارب 60 کروڑ روپے کی ریکوری کر لی گئی ہے۔ سیکرٹری پاور ڈویژن کے مطابق بجلی چوری کے حوالے سے جاری مہم کے دوران اب تک 1100 سے زائد بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوروں سے 1 ارب سے زائد کی ریکوری کی ہے۔ حیسکو ڈویژن میں بجلی چوروں سے 96 کروڑ کی ریکوری کی گئی ہے۔

مزیدخبریں