موٹر وے پر جرمانوں میں کئی گنا اضافہ‘ کم از کم 150 سے بڑھ کر 500 روپے ہو گیا

اسلام آباد+فیروز والا (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) موٹروے اور قومی شاہراہوں پر جرمانوں کی شرح میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹروے پرکم سے کم جرمانہ 150 سے بڑھا کر 500 روپے کر دیا گیا ہے اور تیزرفتاری پر جرمانہ 750 سے بڑھا کر 25 سو روپے مقرر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ممنوعہ علاقے میں اوورٹیک کرنے کا جرمانہ 300 سے بڑھا کر 15سو روپے کر دیا گیا۔ ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ نہ دینے کا جرمانہ 500 سے بڑھ کر 5 ہزار روپے ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس گاڑی کی لائٹس استعمال کرنے کا جرمانہ 5 ہزار روپے، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کا جرمانہ 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ہیوی لائٹس کے استعمال پر جرمانہ 2000 روپے ہو گا اور ان جرمانوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن