بنچز تشکیل‘ زیرالتواءمقدمات پر تجاویز: چیف جسٹس نے آج اہم اجلاس طلب کر لیا

اسلام آباد (وقائع نگار) چیف جسٹس آف پاکستان نے بنچز تشکیل اور زیر التواءمقدمات پر تجاویز کے لیے اہم اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق بنچز کی تشکیل اور زیر التوا مقدمات کے معاملے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اہم اجلاس آج 3 بجے طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان بار کونسل و سپریم کورٹ بار کو دعوت دی ہے۔ اجلاس میں فراہمی انصاف کو بہتر کرنے کے معاملے پر وکلاءتنظیموں کی تجاویز لی جائیں گی۔ اجلاس میں وکلاءتنظیمیں بنچز کی تشکیل، مقدمات سماعت کے لیے مقرر کرنے کے معاملے پر تجاویز دیں گی۔ وکلاءاجلاس میں ارجنٹ نوعیت کے مقدمات کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے پر تجاویز پیش کریں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست نشر کرنے کے معاملے میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 2 رکنی ججز کمیٹی بنادی۔ ذرائع کا کہنا ہے جسٹس محمد علی مظہر 2 رکنی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ جسٹس اطہر من اللّٰہ کمیٹی کے ممبر ہیں۔ ذرائع نے بتایا کمیٹی سپریم کورٹ مقدمات کی کارروائی براہ راست دکھانے کے طریقہ کار پر رپورٹ پیش کرے گی۔ ججز کمیٹی کو ایک ہفتے میں ٹاسک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ججز کی 2 رکنی کمیٹی کی رپورٹ پر ججز فل کورٹ اجلاس دوبارہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن