اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کثیرالملکی سپیشل فورسز کی مشترکہ مشق Eternal Brotherhood -II کی افتتاحی تقریب بروتھا میں منعقد ہوئی۔ دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ مشق میں پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی سپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں۔ اس حوالے سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے بروتھا گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروسز گروپ کی جانب سے مشق کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ مشق کا مقصد دوست ممالک کے مابین تاریخی فوجی تعلقات کو مزید بڑھانا ہے۔ مشق کا مقصد مستقبل کے فوجی تعاون کو بڑھانا اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر دہشتگردی کے خلاف نبرد آزما ہونا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے جونیئر لیڈر شپ اکیڈمی (شنکیاری)کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جونیئر لیڈرز پاکستان آرمی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور روایتی اور غیر روایتی جنگ میں کامیابی سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جونیئر لیڈرز نے دنیا بھر میں تربیت، آپریشنز اور عالمی معیار کے مقابلوں کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ قبل ازیں شنکیاری اور بروتھا آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔