لاہور(لیڈی رپورٹر) سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب سمیرا صمدنے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد ایک ایسا مسئلہ ہے جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو متاثر کرتا ہے، اس کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو متحد ہونا چاہیے، حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ ایسا ماحول بنائیں جس میں خواتین خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزار سکیں،ایسی پالیسیاں اور پروگرام بنا رہے ہیں جو خواتین کے حقوق اور وقار کا تحفظ کریں،خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم افراد خواتین کے خلاف تشدد کے اہم مسئلے کو حل کرنے کے عزم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوںنے ان خیالات کااظہار گزشتہ روزخواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کی سٹیئرنگ کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں خواتین کے خلاف تشدد بارے اقدامات کی نگرانی اور رہنمائی فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام، تحفظ اور انصاف کی فراہمی سے متعلقہ قوانین کے نفاذ کی صورتحال بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔