مختلف واقعات میں پولیس کے زخمی غازیوں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے 82 لاکھ روپے جاری

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع میں زخمی ہونے والے افسران واہلکار محکمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کا بہترین علاج معالجہ اور جلد از جلد بحالی محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ان غازیوں اہلکاروں کو سلور میڈلز سے نوازاجارہا ہے جبکہ انکی عزت افزائی کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر انکے نام کندہ کئے جارہے ہیں جو ان کی فرض شناسی، شجاعت اور محکمہ کیلئے خدمات کا اعتراف ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے غازیوں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے مزید82 لاکھ روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ویلفیئر برانچ کی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، کمیٹی نے لاہور سمیت مختلف اضلاع سے موصول 19 غازیوں کے علاج معالجے کیلئے 82 لاکھ روپے کی منظوری دی۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا نے کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین نے بطور سیکرٹری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید خان اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز محمد احسن یونس نے بطور ممبر اجلاس میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن