لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ عدلیہ کے وقار کے ساتھ عدل کا ترازو بھی بلند کریں گے اور بطور قانون ساز ادارے کے پارلیمنٹ کی بالادستی بھی مقدم رکھیں گے، قوم کی دعائیں ان کیساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں عدلیہ کے مجموعی کردار کو مثالی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ عدلیہ اور مقننہ کو اپنی حدود اور دائرہ کار میں رہ کر امور سرانجام دینے چاہئیں تب ہی ٹکراﺅکا تاثر زائل ہو گا۔ بدقسمتی سے ماضی میں اعلیٰ عدلیہ طاقتور حلقوں کے زیر اثر نظر آئی۔امید ہے موجودہ چیف جسٹس ان اثرات کو زائل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔