ننکانہ صاحب (نامہ نگار) امریکہ‘ انگلینڈ اور کینیڈا سے آئے سکھ یاتریوں کے 124 رکنی وفد نے جتھہ لیڈر سردار رنجیت سنگھ رانا اپنے روحانی پیشوا بابا گورونانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکام اور مقامی سکھ رہنماﺅں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ بابا گورونانک کی جائے پیدائش گوردوارہ جنم استھان پہنچنے پر سکھ یاتری بہت خوش دکھائی دیئے، انہوں نے پاکستان یاترا کے لئے قیام و طعام اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین کرنے پر حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد کے ارکان نے گوردوارہ کے مختلف حصے دیکھے اور وہاں مذہبی رسومات ادا کیں۔