اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے نئی پارٹی بنانے کا عندیہ دے دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نئی پارٹی بنانے کیلئے دوستوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ آج سیاستدانوں کا عوام سے رشتہ کٹ چکا ہے۔ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہی ہے اور بلاول بھٹو، ن لیگ سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان سب کی سیاست یہی ہے کہ کسی طرح ہماری مقبولیت ہو۔ نئی پارٹی کیلئے شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، لشکری رئیسانی اور دیگر سیاستدانوں سے بات ہوئی ہے۔ اپنی کوشش میں کافی حد تک کامیاب بھی ہوا ہوں۔ نئی پارٹی نہ بن سکی تو آزاد الیکشن لڑوں گا۔ بلاول بھٹو تقاضا کر رہے ہیں تو ان کو لگا ہے ن لیگ کی مقبولیت ہو چکی ہے۔ گزشتہ تین چار سال میں تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں رہیں۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پی پی کی قربانیوں کی بھی تاریخ ہے۔ آج پی ٹی آئی کی بھی تاریخ بن رہی ہے۔ آج پی ٹی آئی زیادہ مقبول ہے۔ جب لوگوں کو ووٹ کو عزت دو کے بیانیئے کے پیچھے لگاتے ہیں تو خود بھی ساتھ کھڑے ہوں۔