گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ بزنس سنٹر کی سوشل ویلفیئر کمیٹی اور سری لنکا لاہور بزنس کونسل گوجرانوالہ چیپٹر کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سری لنکا کے تعاون سے گوجرانوالہ میں آنکھوں کی پیوند کاری کا عمل تیزکرنے کے لئے مختلف تجاویز پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سنٹر احمداکرام لون نے کی جبکہ گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے آئی سرجن ڈاکٹر عرفان قیوم ملک اور ریجنل پولیس آفس کے نمائندے نے بھی شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ سری لنکا کی طرف سے اب تک عطیہ کئے گئے کارنیاز کی مدد سے ڈاکٹر عرفان قیوم کی سربراہی میں پندرہ کامیاب آپریشن کئے جاچکے ہیں ،گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں قائم اس ڈیپاٹمنٹ کے لئے این او سی کا انتظار ہے جیسے ہی این او سی کا اجراءہو جائے گا توگوجرانوالہ میں آنکھوں کی پیوندکاری کا عمل تیز کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکاکی طرف سے جو مزید دس کارنیا آرہے ہیں ان سے بینائی سے محروم افراد کی آنکھوں کی روشنی واپس لائی جاسکے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ گوجرانوالہ بزنس سنٹر کی سوشل ویلفیئرکمیٹی شہروزرشید کی سربراہی میں آنکھوں کی پیوندکاری کے اس کام کو آگے بڑھائے گی اور اس سلسلہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔جبکہ پولیس ملازمین کو کارنیا کی تبدیلی کے سلسلے میں ترجیح دی جائے گی۔
سری لنکا کے تعاون سے آنکھوں کی پیوند کاری سے متعلق اجلاس
Sep 20, 2023