میلاد مصطفی: قریہ قریہ محافل اور نعتیہ اجتماعات کا انعقاد

Sep 20, 2024

 چوہدری فرحان شوکت ہنجرا 
 ملک بھر میں میلاد مصطفیٰؐ کے حوالے سے سیرت کانفرنسوں ،محافل میلاد اور نعتیہ اجتماعات میں نبی آخرالزماں حضرت محمد ؐ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔12 ربی الاول کے روز صوبائی دارالحکومت میں دیگر تقریبات کے علاوہ چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں بھی تین روذہ سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ چلڈر ن لائبریری کمپلیکس لاہور کے زیر اہتمام  یہ سہ روزہ سیرت النبی کانفرنس کانفرنس 11 ستمبر سے 13 ستمبر تک جاری رہی۔ اس میں بچوں کے درمیان سیرت النبیؐ کے موضوع پرمختلف مقابلہ جات بھی کروائے گئے جس میں نعتیہ کلمات پڑھنے کا مقابلہ،  فن خطاتی کا مقابلہ ، سیرت کوئز کا مقابلہ  اور سیرت النبی  پر مضمون نویسی کا مقابلہ بھی شامل تھے- ان مقابلہ جات میں 100 سے زائد سکولوں کے ایک ہزار بچوں نے حصہ لیا۔ تقریب کی صدارت  چلڈرن لائبریری کملیکس کے مینجنگ ڈائریکٹر   احمد خاور شہزاد نے کی ۔سیرت کانفرنس کے دوسرے روز میلاد النبی  کی بھرپور محفل سجائی گئی اور اس میں نامور خواتین کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ اور پرائیویٹ سکولز کی  بچیوں  نے بھرپور شرکت اختیار کی۔
چلڈرن کمپلیکس لائیبریری میں آخری روز تقریب بسلسلہ شان رحمت للعالمین ؐ زیر صدارت پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق (نشان امتیاز) ڈائریکٹر جنرل اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد منعقد ہوئی جبکہ مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات تھے صوبائی سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو اور سیکرٹری ثقافت و تعلقات عامہ پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ ادارہ تحقیقات اسلامی بین الاقوامی اسلام آباد یونیورسٹی ، مسز منیبہ نئیر چیف ایگزیکٹو آفیسر، دستکاری  دختران اور  جناب غلام مرتضی مینجنگ ڈائریکٹر کنگڈم ویلی نے سیرت کانفرنس کے انعقاد میں تعاون اور اشتراک رہا۔سیرت کانفرنس کے  سپیکرز میں پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق  (ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آباد) ، علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری( ممبر اسلامی نظریاتی کونسل اسلام آباد )،  ڈاکٹر بابر نسیم آسی صاحب( چیئرمین شعبہ زبان اور ادویات فارسی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی )  ڈاکٹر سعید احمد سعیدی صاحب (چیئرمین ادارہ معارف اسلامی پنجاب یونیورسٹی)  اور  ڈاکٹر حافظ محمد نعیم صاحب (ادارہ تعلیمات اسلامی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی) شامل تھے۔  کانفرنس کے اختتام پر احمد خاور شہزاد مینجنگ ڈائریکٹر چلڈر ن لائیبریری کمپلیکس نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا حضرت محمدؐ رحمت للعالمین ہیں تمام انسانیت کے لیے ہدایات کا سر چشمہ ہیں اور ملت اسلامیہ کا عروج محمدؐ کے اسوہ کامل پرکار بند ہونے پر ہے ہمیں اپنے بچوں کو سیرتِ طیبہ کی طرف راغب کرنا ہوگا اور انہیں محمدؐ کی تعلیمات سے روشناس کرانا ہوگا۔ یہ وقت کی ضرورت ہے احمد خاور شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمدؐ کی طرز زندگی ہمارے لیے ایک بہترین نمونے ہے۔ 
کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں 
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں 
احمد خاور شہزاد نے کہا کہ سیرتِ النبیؐ کے موضوع پر اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا شان رحمت للعالمینؐ پروگراموں میں شرکت کرنا اس بات کی علامت ہے کہ بچوں کے دل و دماغ میں محمد ؐ کی اتباع کرنے کی تڑپ موجود ہے دنیا و آخرت کی بھلائی کامیابی اللہ تعالیٰ نے اپنے دین اسلام اور محمدؐ کی تعلیمات کو اپنانے میں رکھی ہے انہوں نے کہا چلڈرن لائبریری اپنے نونہالوں کی اسلامی اخلاقی سماجی تربیت اور قوم کے معماروں کو حقیقی معنوں میں نیک محب وطن پاکستانی بنانے میں مصروف عمل ہے والدین اساتذہ کرام چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں اپنے بچوں کو تعلیم واخلاق کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے آئیں انشاء اللہ یہ لائبریری ان بچوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرے گی۔
تین روزہ سیرت النبی کانفرنس میں تلاوت قرآن پاک اور نعت رسولؐکے مقابلے ہوئے اس کے ساتھ ساتھ مسز منیبہ نئیر چیف ایگزیکٹو آفیسر دستکاری دختران نے سیرتِ النبیؐ کانفرنس میں افتتاحی کلمات میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ محمدؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت للعالمین بنا کر بھیجا گیا ہے ۔
امت مسلمہ کی بھلائی سیرت النبی کی تعلیمات پر عمل کرنے پر ہے ہمیں اپنی اولادوں کو سیرت النبیؐ کی تعلیمات سے روشناس کرانا ہوگا چیئرمین شعبہ زبان و ادبیات فارسی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر بابر نسیم آسی نے اقبال بارگاہ رسالت ؐکے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا علامہ اقبال کی شاعری قرآن وسنت کا پیغام ہے اقبال نے نوجوان کو دین اسلام کی دعوت وتبلیغ اور اسلام کے عروج سے متعلق ان میں جرأت و بہادری کا پیغام عام کیا وہاں دوسری طرف محمد ؐ سے سچے عشق اور سنت رسولؐکی پیروی اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔ادارہ تعلیمات اسلامیہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حافظ محمد نعیم نے سیرت النبی ؐاور ہماری ذمہ داریاں کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا امت مسلمہ کی ہر معاملے میں کامیابی محمد ؐ کی اتباع میں ہے۔ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر ضیاء  اللہ شاہ بخاری نے سیرت طیبہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمدؐ تو غیر مسلوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے تھے اور آج غیر مسلم اقلیتیں بھی ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف کرتے نظر آتے ہیں ان کی شان مقدس میں نعتیہ کلام پڑھتے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سیرت النبی کانفرنس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کامیاب انعقاد پر مینیجنگ ڈائریکٹر چلڈرن لائبریری کمپلیکس احمد خاور شہزاد اور ان کی ٹیم کی تحسین اور معزز مہمانوں کا شکریہ اور اس کانفرنس کے اصل مہمان خصوصی بچوں کو قرار دیتے ہوئے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن بچوں بچیوں نے سیرت النبی کانفرنس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں شرکت کرکے قرآن پاک کی تلاوت نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر مختلف کوئز مقابلہ جات میں شرکت کی وہ امت مسلمہ کے ہیرو ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ سے محبت ان کی سیرت پر عمل کرنے سے ہی انسان مومن کہلاتا ہے انھوں نے کہا نصاب تعلیم کو بھی اسلامی خطوط پر استوار کر رہے ہیں اور سیرت النبی کے موضوعات کو زیادہ سے زیادہ نصاب میں شامل کر رہے ہیں 
مینیجنگ ڈائریکٹر چلڈرن لائبریری احمد خاور شہزاد صاحب مبارکباد اور خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ انھوں نے ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے چلڈرن کمپلیکس لائیبریری میں سیرتِ النبی کانفرنس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا انعقاد کیا ان کی اس کاوش سے ہمارے بچوں بچیوں میں دین اسلام اور خاتم الانبیاء  حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور ان کی سیرت و اخلاق حسنہ کی تعلیم و تربیت حاصل کرنے سے دنیا کی زندگی سلیقہ مند طریقے سے گزارنے میں مدد حاصل ہوگی اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہو آمین۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تین روزہ سیرت النبی کانفرنس بسلسلہ شان رحمت للعالمین کوئزمقابلوں میں حصہ لینے والے طلبا وطالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں