لاہور+فیصل آباد(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) چیمپئنز ون ڈے کپ کے ساتویں میچ میں سٹالینز نے ڈولفنز کو 174 رنز سے شکست دیدی۔ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں سٹالینز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیااور 7 وکٹوں پر 271 رنز بنائے۔بابراعظم 100 گیندوں پر 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔یاسر خان نے 46، شان مسعود 34 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ طیب طاہر نے 33، حسین طلعت نے 23 رنز بنائے۔ کپتان محمد حارث 6، جہانداد خان 8 اور مہران ممتاز 3 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔ میر حمزہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، قاسم اکرم، سفیان مقیم اور سعود شکیل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ ڈولفنزکی ٹیم 25 اوورز میں 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ صاحبزادہ فرحان 32 ، آصف علی 21، کپتان سعود شکیل 12،عمر امین 10 رنز بنا کر آؤٹ جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔جہانداد خان اور مہران ممتاز نے 3،3 جبکہ ابرار احمد اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ بابر اعظم پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ آٹھواں میچ آج لائنز اور مارخورز کے درمیان کھیلا جائیگا۔