سید موسیٰ رضا کے صفائی ستھرائی کا جائزہ کیلئے ہنگامی دورے،اقدامات کا جائزہ  

Sep 20, 2024

لاہور(خبرنگار)ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کے علی الصبح صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی دورے۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے اٹاری سروبہ اور ملحقہ علاقوں میں صفائی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نشتر محمد سلیم، سی ای او ایم سی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے ایک خالی پلاٹ میں گندگی کے ڈھیر فی الفور اٹھوانے کا حکم دیا اور کہا ایل ڈبلیو ایم سی افسران ازخود روزانہ کی بنیاد پر ورکرز کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھیں۔خالی پلاٹس اور ڈمپنگ سائٹس پر کوڑے کے ڈھیر نہ رہنے دئیے جائیں اور صبح معمولاتِ زندگی شروع ہونے قبل صفائی ستھرائی انتظامات کو مکمل کر لیا جائے۔شہر بھر کے تمام نالوں کی صفائی کا آپریشن بھی مکمل کیا جائے۔جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرصدارت رات گئے بلدیہ عظمیٰ ریگولیشن ونگ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ اور تمام زونل افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی لاہور نے کہا شہر میں عارضی تجاوزات کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی اور تمام زونز میں شفٹوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کیا جائے گا۔ افسر کام کو اولین ترجیح رکھیں اور کام نہ کرنے والے افسر کی بلدیہ عظمیٰ ٹیم میں ضرورت نہیں۔انسداد تجاوزات آپریشن سے ٹریفک مسائل میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔

مزیدخبریں