لاہور (سٹاف رپورٹر) کاٹن کی بائیو ٹیکنالوجی کو پاکستان میں متعارف کرانا بہت بڑا چیلنج ہے جس کیلئے پنجاب سیڈ کونسل اور تمام پرائیویٹ سیڈ کمپنیاں باہمی اشتراک سے ایک حکمت عملی مرتب کریں جس کے تحت کپاس کے جدید پیداواری صلاحیت کے حامل بیج کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچایا جائے گا اور پیداواری اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کاٹن اور دوسری اہم فصلات کیلئے جدید پیداواری صلاحیت کے حامل بیج سے متعلق زراعت ہاؤس لاہور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر زراعت پنجاب و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا فصلوں کے جدید پیداواری صلاحیت اور بیماریوں و کیڑوں کے خلاف قوتِ مدافعت کے حامل بیجوں کی دریافت وقت کا اہم تقاضا ہے جو کہ ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوں گے۔