سلمان رفیق ، عمران نذیر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی، ڈیزاسٹرمینجمنٹ کااجلاس 

Sep 20, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی، متعدی امراض اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ کااجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی نے راولپنڈی میں انسداد ڈینگی سر گرمیوں میں الائیڈ محکموں کے عدم تعاون کا نوٹس لے لیا۔انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت برتنے، انتظامیہ سے تعاون نہ کرنیوالے محکموں کے افسران کو سرینڈر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ راولپنڈی میں ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض کئے گئے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری نے الائیڈ محکموں کے سیکرٹریز کو خود راولپنڈی جا کر انسداد ڈینگی سر گرمیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔سلمان رفیق نے کہا ڈینگی پر قابو پانے کیلئے الائیڈ محکموں کو مکمل تعاون فراہم کرنا ہوگا۔ غفلت کی گنجائش نہیں۔خواجہ عمران نذیرنے کہا راولپنڈی میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں الائیڈ محکموں کا عدم تعاون باعث تشویش ہے۔ کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی سے متعلق اجلاس کی سر براہی خود کریں۔  آگاہی بڑھانے کیلئے سکولوں اور کالجوں میں پمفلٹس تقسیم کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا ڈینگی کیسز میں اضافے کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ کوتاہی برداشت نہیں۔

مزیدخبریں