جنگ کا خدشہ، اسرائیل نے جنگی سامان، فوجی لبنانی سرحد پر بھیجنا شروع کر دیئے

بیروت + تل ابیب +غزہ (آئی این پی+ نیٹ نیوز) غزہ میں جاری اسرائیلی دہشت گردی کے دوران ایک ہی روز میں مزید 48فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے،غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے ترجمان محمود بسال کا کہنا ہے کہ قابض طیاروں اور توپ خانوں نے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں بمباری کی جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا، شہدا میں نو بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب تل ابیب: اسرائیلی جارحیت کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بڑی جنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے جس کے بعد اسرائیل نے ہزاروں فوجی غزہ کی پٹی سے لبنان سرحد پر منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ وقتاً فوقتاً ایک دوسرے کو نشانہ بناتے آرہے ہیں اور اب تک دونوں اطراف کے سیکڑوں لوگ ان حملوں میں مارے جاچکے ہیں۔ گزشتہ دو دنوں کے اندر لبنان میں ہونے والے پیجر اور ریڈیو ڈیوائس دھماکوں کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل میں باقاعدہ جنگ شروع ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے اور ایسے موقع پر اسرائیلی حکام نے بھی جنگ کا نیا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ لبنان میں پیجرز دھماکوں کے بعد کل ہزاروں واکی ٹاکی (ریڈیو) ڈیوائسز بھی اچانک دھماکوں سے پھٹ پڑے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بیس ہو گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیوائسز میں دھماکوں کے دوسرے مرحلے میں گزشتہ روز اچانک لبنان کے مختلف علاقوں میں واکی ٹاکی یا ریڈیو ڈیوائسز میں دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں اب تک جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد بیس ہو گئی ہے جبکہ 450 سے زائد زخمی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن