قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر افغان قونصل جنرل کی وضاحت مسترد کرتے ہیں: پاکستان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاہے کہ لبنان میں سائبر حملے تشویشناک ہیں، پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئیترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز روس کے نائب وزیراعظم نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی، فریقین نے کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلیم ، ثقافت اور دیگر شعبوں پر بھی بات چیت ہوئی، گزشتہ روز کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان بیلاروس جیسے دیگر معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ ترجمان نے لبنان میں ہونیوالے دھماکوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے لبنان میں حالیہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے جبکہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اورسلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کی مہم جوئی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر اسرائیل سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل چاہتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، غزہ میں اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق سیز فائر ہونا چاہیے، پاکستان غزہ میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ افغان قونصل جنرل کی قومی ترانے کی مذمت کے معاملے پر سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ قونصل جنرل نے وضاحت جاری کی ہے کہ ترانے میں میوزک تھا اس لیے کھڑے نہیں ہوئے ہم اس وضاحت کو مسترد کرتے ہیں، میزبان ملک کے قومی ترانے کی بے حرمتی سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے اور ہم نے اپنا بھر پور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ اسی معاملے پر سوال کہ کیا افغان قونصل جنرل پاکستان میں ویزہ اور دیگر دستاویزات کے بغیر رہ رہے ہیں؟ ممتاززہرابلوچ نے جواب دیا کہ حفیظ محب اللہ شاکر پاکستان کے ویزے پر موجود ہے ، افغان قونصل جنرل پاکستان میں سفارت کار کا سٹیٹس انجوائے کررہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن