پاکستان سے ہر تعاون کیلئے تیار، علی امین نے مذاکرات کیلئے رابطہ نہیں کیا: افغان قونصل جنرل 

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان نے کہا ہے کہ پاکستان سے ہر تعاون کیلئے تیار ہیں، علی امین گنڈا پور نے مذاکرات کیلئے رابطہ نہیں کیا۔ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ ہم افغانوں نے پاکستان میں 45 سال گزارے ہیں۔ پاکستان سے ہر قسم کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک ہے جس کے ساتھ 2 ہزار کلو میٹر سے زیادہ طویل سرحد ہے۔ افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی طرف سے مذاکرات کے لیے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ افغان حکومت کسی کو اجازت نہیں دے گی کہ پاکستان یا کسی اور ملک میں جا کر کارروائی کرے۔ افغان ناظم الامور  نے کہا  کہ کسی افغان شہری کو اجازت نہیں دوسرے ملک میں کارروائی کرے۔ امیرالمومنین کا حکم ہے اگر کوئی خلاف ورزی کرتے پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا  فی الحال پاکستان کے ٹی ٹی پی سے ہمارے توسط سے مذاکرات نہیں ہو رہے۔ افغان ناظم الامور نے یہ بھی کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک ماہ سے پشاور طورخم راستہ بند کر دیا گیا ہے۔  راستہ بند ہونے سے افغان فروٹ اور سبزی کی تجارت کو بھاری نقصان ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن