راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور رورل ڈویلپمنٹ فائونڈیشن نے باہمی تعاون اور دیہی ترقی کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جس کا بنیادی مقصد زرعی شعبے میں خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر ایسے تحقیقی پروگرامز، کانفرنسز اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے جن کے ذریعے خواتین کی صلاحیتوں اور ہنر میں مزید اضافہ کیا جا سکے تاکہ وہ معاشرے کی بہتری کے ساتھ ساتھ بااختیار بھی بن سکیں۔معاہدے پر دستخط کی تقریب بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے مین کیمپس پر منعقد ہوئی، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم اور آر ڈی ایف کے صدر برگیڈیئر(ر) محمد اسلم خان نے اپنے اپنے اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کی زرعی فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر طارق مختار اور سنٹر فار ایکسی لینس، ٹریننگ اینڈ امپاورمنٹ آف ویمن ان ایگریکلچر کی سربراہ ڈاکٹر گلشن ارشاد سمیت دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کا باہمی تعاون دیہی علاقوں میں خواتین کی صلاحیتوں کا ادراک کرنے اور زراعت کو مزید جامع اور پائیدار شعبے بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پاکستان کی معیشت کا انحصار ہی زراعت پر ہے۔ دیہی ترقی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خواتین کو بااختیار بنانا انتہائی ضروری ہے۔
دیہی ترقی اور غذائی تحفظ کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا انتہائی ضروری،پروفیسر محمد نعیم
Sep 20, 2024