پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کو جبری حراست میں رکھنے کا الزام،آئی جی سے تحریری جواب طلب

Sep 20, 2024

اسلام آباد(وقائع نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پی ٹی آئی ارکانِ قومی اسمبلی کو پنجاب ہاؤس میں جبری حراست میں رکھنے کے الزام پر دائر درخواست میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سے تحریری جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روزبیرسٹر گوہر کی ارکانِ قومی اسمبلی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایاکہ میں نے متعلقہ ڈی پی اوز سے رابطہ کر کے معلومات لیں،ڈی پی اوز کے مطابق تین ارکانِ اسمبلی اپنے اپنے گھر میں ہیں،وہاڑی سے رکن اسمبلی اورنگزیب کھچی، ساہیوال سے عثمان علی اور خانیوال سے ظہور قریشی اپنے گھر پر ہیں، ایک رکن قومی اسمبلی ریاض خان بیرون ملک ہے،متعلقہ ڈی پی او کو خطوط لکھے گئے ہیں، آفیشل جواب کا انتظار ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ پیر کے لیے کیس رکھ لیتے ہیں،عدالت نے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے پیر تک کیلئے سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں