اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) پرائم منسٹرز ہائوس اور آفس پر تعینات اسلام آباد پولیس کے افسران کی کارکردگی اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے نفسیاتی امتحان لیا گیا،اس حوالے سے خصوصی نفسیاتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ،کمیٹی میں ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن کو چیئرمین تعینات کیا گیا جبکہ ایس پی انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ، ایس پی ہیڈکوارٹرزاور طبعی نفسیاتی ماہرین کمیٹی کے ممبران ہیں، امتحان میں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ میںتعینات پولیس افسران نے حصہ لیا،امتحان میں افسران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سفارشات مرتب کی گئی،اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں، وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے افسران و جوانوں کو ناصرف جسمانی بلکہ ذہنی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتاہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران و جوانوں کے نفسیاتی امتحان شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کا مقصد امن و عامہ کی صورت حال کے پیش نظر افسران و جوانوں کے نفسیاتی امتحانوں کے ذریعے کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور درپیش مسائل کو حل کرنا ہے۔