الیکشن کمیشن کا ڈیجیٹل سروسز پورٹل سے آگاہی کیلئے ٹریننگ پروگرام

Sep 20, 2024

اسلام آباد(وقائع نگار)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے افسران اور عملے کے لیے ایک جامع ٹریننگ پروگرام منعقد کیا ہے، جس کا مقصد پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے ڈیزائن کردہ نئے ڈیجیٹل سروسز پورٹل سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ یہ تربیت 18 ستمبر سے 26 ستمبر 2024 تک جاری رہے گی۔تربیت کا مقصد ملازمین کو ڈیجیٹل سروسز پورٹل پر مؤثر طریقے سے آگاہی دینے اورسسٹم سے  رجسٹر ہونے  کی صلاحیتوں سے لیس کرنا ہے۔ سیشنز میں متعدد اہم ماڈیولز شامل کیے گئے ہیں، جن میں لیگل کیس مینجمنٹ سسٹم (ایل سی ایم ایس) شامل ہے،جوالیکشن کمیشن سے  متعلق قانونی معاملات کی مانیٹرننگ  کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے شہری اور وکلا قانونی معاملات کی تازہ ترین پیش رفت اور اپ ڈیٹس بھی دیکھ سکتے ہیں۔دیگر ماڈیولز میں ٹریننگ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (ٹی آئی ایم ایس)، کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)، انوینٹری مینجمنٹ سسٹم (آئی ایم ایس)، مانیٹرنگ اور رپورٹنگ سسٹم (ایم آر ایس)، اور انٹیگریٹڈ آفس ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (آئی او آر ایم ایس) شامل ہیں۔ یہ ماڈیولز انتخابی عمل کی مؤثر نگرانی اور دفتری ریکارڈز کے انتظام کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہونگے ۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد عملے کو ڈیجیٹل سسٹم  کے استعمال کی مہارت فراہم کرنا اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ الیکشن کمیشن کا عزم ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں مسلسل بہتری اور جدت کو فروغ دے۔ مذکورہ تربیتی پروگرام پر مجموعی طور پر  277 الیکشن کمیشن افسران  اور سٹاف کو تربیت دی جا رہی ہے ۔

مزیدخبریں