ضلعی انتظامیہ لاہور اور تاجروں کے درمیان بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے مذاکرات کمشنر آفس میں ہوئے۔ مذاکرات میں کمشنر لاہور خسرو پرویز کی جانب سے مغرب کے وقت دکانیں بند کرنے کی تجویز دی گئی جس کے جواب میں تاجروں نے کاروباری مراکز رات نو بجے بند کرنے پر رضا مندی ظاہرکی۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انہیں شام پانچ بجے سے رات نو بجے تک بجلی بلاتعطل فراہم کی جائے اور کاروباری مراکز کے رات نوبجے بندش کے فیصلے کا اطلاق چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز پر یکساں ہونا چاہئے۔ تاجروں نے اس بات پر زور دیا کہ شادی ہالز اور ہوٹلوں کو بھی اس قانون کا پابند بنایا جائے۔ اس موقع پر تاجروں نے لاہور کے سات زونز بنا کر متبادل چھٹی کی تجویز بھی دی۔ کمشنر لاہور خسرو پرویز کے مطابق یہ تجاویز صوبائی حکومت کو بھجوا دی گئی ہیں اورآج توانائی کانفرنس کے شرکأ تک پہنچائی جائیں گی جہاں اس پر حتمی فیصلہ ہو گا۔